وائناڈ /کیرالہ 8جون(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) اپنے پارلیمانی حلقہ وا?ناڈ کے سفر کے دوسرے دن بھی کانگریس صدر راہل گاندھی نے وزیر اعظم نریندر مودی پر شدید حملہ جاری رکھا اور کہا کہ لوک سبھا انتخابات کے لئے ان کی تشہیری مہم جھوٹ، زہر اور نفرت سے بھری ہوئی تھی، جبکہ کانگریس حقائق، محبت اور جذبہ کے ساتھ کھڑی تھی۔ اپنے پارلیمانی حلقہ میں بڑے روڈ شو کے بعد پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے گاندھی نے کہا کہ ان کی پارٹی مودی، ان کے جھوٹ اور نفرت کے خلاف محبت کے ہتھیار سے جنگ جاری رکھے گی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ مودی اشتعال، غصہ، جھوٹ، عدم برداشت اور ملک کی بدترین جذبات کی ترجمانی کررہے ہیں۔راہل گاندھی نے وہاں موجود لوگوں سے کہا کہ قومی سطح پر ’ہم نفرت کے جراثیم سے لڑ رہے ہیں‘، مودی کی تشہیری مہم جھو ٹ، نفرت اور ملک کے عوام کے درمیان تقسیم جیسے عناصر سے معمور تھی۔ انہوں نے انتخابات میں جھوٹ کا استعمال کیا، جبکہ کانگریس جھوٹ کے مقابلے حقائق، نفرت کے مقابلے محبت اور جذبہ کے ساتھ کھڑی رہی۔گاندھی نے وائناڈ میں جمعہ اور ہفتہ کو روڈ شو کیا۔ اس دوران سڑکوں پر بھاری بھیڑ رہی اور لوگوں نے اپنے نو منتخب ہوئے رہنما کا خیر مقدم کیا۔